لاہور (آن لائن)سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ معیشت ڈوب نہیں رہی ڈوب چکی ہے، ہم چاہتے ہیں فوری عام انتخابات کا اعلان کیا جائے،ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، کسی ادارے سے ٹکراؤ نہیں چاہتے،میں عمران خان کے نظریے کا محافظ بن کر انکے ساتھ کھڑا ہوں، اپنی زندگی کے آخری اوور عزت سے کھیلنا چاہتا ہوں۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے اللہ پاک کا شکر گزار ہوں کہ اس نے فسطائیت کا مقابلہ کرنے کی طاقت دی، عمران خان نے کہا تھا کہ خوف کے بت توڑ دیں، خوف کا بت توڑنے میں میں نے پہل کی ہے۔شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ نریندر مودی ہم پر طنز کررہا ہے کہ ہم اپنی سمت کھو چکے ہیں، گیلپ سروے میں عمران خان کو سب سے زیادہ مقبولیت ملی ہے اور یہ بہت بڑا اعزاز اور ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کو مہنگائی سے نجات دلانے کا موقع ہے، ہم تو چاہتے ہیں فوری طور پر عام انتخابات کا اعلان کیا جائے، الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان کیوں نہیں کررہا، کے پی کے اسمبلی کے الیکشن کا بھی فی الفور اعلان کیا کیا جائے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، ہم کسی ادارے سے ٹکراؤ نہیں چاہتے، قوم آج مایوس ہوچکی ہے، معیشت ڈوب نہیں رہی ڈوب چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کل آصف زرداری نے کہہ دیا ہے کہ وہ پی ڈی ایم کے ساتھ نہیں، ہم عمران خان کے ساتھ نئے سفر کا آغاز کررہے ہیں، تحریک انصاف انتخابات کے لیے تیار ہے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہم نے پہلے کہا تھا یہ غیر فطری اتحاد ہے، آج آپ عوام کے غم و غصّے کی وجہ الیکشن سے فرار چاہتے ہیں، پی ایس ایل، ضمنی الیکشن کے لیے سیکورٹی ہے انتخابات کے لیے کیوں نہیں؟9 مارچ کو الیکشن کمیشن سے ملاقات کروں گا۔
Load/Hide Comments



