کراچی(آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کراچی کے مستعفی ایم این ایز کی استعفوں کی منظوری کیخلاف فوری سماعت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیئے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے تحریک انصاف کراچی کے مستعفی ایم این ایز کی استعفوں کی منظوری کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان اسمبلی نے فوری سماعت کی استدعا کی۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کو کیا ایمرجنسی ہے کیوں آئے ہیں؟ پی ٹی آئی کے وکیل نے موقف دیا کہ ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہے ہماری درخواست فوری سنی جائے۔ آپ نے 21 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے جب تک الیکشن ہوجائیں گے۔ بیلٹ پیپرز چھپ گئے تو عوام کے کروڑوں روپے ضائع ہوں گے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم درخواست کو سن کر فیصلہ کریں گے۔ آپ جذباتی ماحول کیوں بنارہے ہیں ہم قانون کے مطابق سن کر فیصلہ کردیں گے۔
Load/Hide Comments



