لاہور (آن لائن) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ عمران خان کے خوف نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں، ن لیگ کا سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں، پنجاب کا سیاسی میدان بھی عمران خان کے نام ہو چکا ہے، ن لیگ پنجاب تو کھو ہی چکی تھی اب تخت لاہور بھی ان کے ہاتھ سے نکل رہا ہے۔ تفصیل کے مطابق چودھری پرویزالہی سے مسلم لیگ ق کے رہنما ساجد احمد خان بھٹی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور قانونی معاملات پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر نادر دوگل ایڈووکیٹ، خبیب بلوچ بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف تاریخ کے نااہل ترین حکمران ثابت ہو رہے ہیں، ان کی نااہلیوں کا بوجھ اٹھانے کیلئے مریم نواز بھی تیار نہیں، مریم نواز کی لندن سے واپسی پر ایک مرتبہ پھر ری لانچنگ بھی ناکام ہو گئی ہے، پی ڈی ایم کی تمام تر کوشش ہے کہ اقتدار سے چمٹے رہیں جس کیلئے انہیں آئین شکنی بھی قبول ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں گرفتاریاں پیش کرنے کیلئے کارکنوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہے، اوورسیز پاکستانی بھی گرفتاری کیلئے اپنا نام رضاکارانہ پیش کر رہے ہیں، اس وقت پاکستان کی سیاست کا ایک ہی سٹار ہے اور اس کا نام عمران خان ہے، ہمارے حامیوں کو غیر قانونی طور پر اٹھا کر لاپتہ کیا جا رہا ہے، حکمرانوں کے انتقامی اقدامات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی نے ارشد شیخ کے صاحبزادے شیخ طلال کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی۔ راسخ الٰہی، طلحہ یاسر اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے نوبیاہتا جوڑے کو شادی کی مبارک اور کامیاب زندگی کی دعائیں بھی دیں.
Load/Hide Comments



