لاہور (آن لائن) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باؤ رضوان اور حافظ ممتاز بھی شریک تھے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور پنجاب، خیبرپختونخواہ انتخاب بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کی تاریخ میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں، عدلیہ آئین کی بالادستی کے ساتھ کھڑی ہے، آئین شکنی برداشت نہیں ہو گی، الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے فوری الیکشن کا شیڈول جاری کرے، گورنر اور الیکشن کمیشن تاریخ کے معاملے پر فٹ بال کھیلنا بند کریں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قوم سب دیکھ رہی ہے کہ پی ڈی ایم الیکشن سے کس طرح خوفزدہ ہے، کسی کو آئین پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سابق وفاقی وزیر دفاع پرویزخٹک نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت نے حکمران کی نیندیں حرام کر دی ہیں، انتخاب کا شیڈول دینا الیکشن کمیشن اور گورنرز کی آئینی ذمہ داری ہے، عدالتی فیصلہ آ چکا ہے اب انتخاب سے بھاگنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی، تمام انتقامی کارروائیاں اور مقدمات تحریک انصاف کا راستہ نہیں روک سکتیں.
Load/Hide Comments



