پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے انتخابی میدان میں انشاء اللہ عمران خان کی کامیابی یقینی ہے: چودھری پرویزالٰہی

لاہور (آن لائن) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے انتخابی میدان میں انشاء اللہ عمران خان کی کامیابی یقینی ہے، قوم انتخاب کی تیاری کرے، ووٹ کی طاقت سے نااہل ٹولے کے خلاف فیصلہ دینا ہے، تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار باضابطہ انتخابی مہم کا میدان سنبھال لیں، لاہور ہائیکور ٹ کے فیصلے نے آئین کی بالادستی یقینی بنانے کا پیغام دیا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد انتخابی عمل میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے والے شہباز شریف سے ووٹ کی طاقت سے بدلہ لیا جائے گا، مسلم لیگ ن نے اپنے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، آج ایک مرتبہ پھر ملک کو انتقامی سرگرمیاں کا مرکز بنا دیا گیا ہے، نگران سیٹ اپ ہوش کے ناخن لے انتقامی کارروائیاں عمران خان کی مقبولیت کم نہیں کر سکتیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں اور قوم کیلئے ڈیلیور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ملک میں سیاسی اور معاشی طور پر استحکام عمران خان ہی لا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو اپنے مقدمات سے ریلیف کے علاوہ کوئی فکر نہیں، سیاسی مخالفین کے خلاف انتقام کی کارروائیاں بھی پی ڈی ایم قیادت کو سیاسی طور پر نہیں بچا سکتیں، انشاء اللہ آئندہ ہفتے سے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں انتخابی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔