عوام نے پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ن لیگ کو ووٹ دیا انہوں نے بدلے میں مہنگائی کا تحفہ دیا،سراج الحق

وزیرآباد (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام نے پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ن لیگ کو ووٹ دیا انہوں نے بدلے میں مہنگائی کا تحفہ دیا، بینکوں کو لوٹا،توشہ خانے کو لوٹا اب ان کے گریبان میں ہاتھ ڈالنے کا وقت آ گیا ہے،منی بجٹ کو ہر گز قبول نہیں کریں گے۔پی ڈی ایم کا مہنگائی مارچ مفادات کے لیے تھا جس کا عوام کو کچھ فائدہ نہ ہوا یہ سب لوگ ایک ہیں میں نے دو دفعہ وزارت کی جب میں خیبر پختونخواہ کا وزیر خزانہ تھا تب صوبہ سر پلس چھوڑا آج صوبہ مقروض کیوں ہے پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے جو قرضے لیے وہ یہ خود اتاریں عوام کی کھال کیوں کھینچ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی مہنگائی کے خلاف مارچ میں وزیرآباد میں اللہ والا چوک میں لانگ مارچ کے استقبالیہ جلسہ میں شرکاءے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ آئین میں واضع ہے سود اللہ کی کتاب قران کے منافی ہے اور قرآن کے منافی کوئی قانون نہیں بنے گا یہ لوگ قرضہ ملک اور عوام کے نام پر لیتے ہیں اور اپنے کاروبار چلا لیتے ہیں۔یہ عوام کو سودی نظام دے رہے ہیں۔ریاست کی زمہ داری ہے عوام کے کھانے پینے اور رہائش کا بندوبست کرے۔ہمارے بچے فٹ پاتھوں پر سونے پر مجبور ہیں جبکہ حکمرانوں کے کتوں بلیوں کی خوراک بھی بیرون ملک سے برآمد کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی طرح پی ٹی آئی نے ملک کا نقصان کیا۔پی ٹی آئی والے اب کہتے ہو جیل بھرو ہم کہتے ہیں پہلے عوام کا پیٹ بھرو پنجاب میں پہلے بزدار کو مسلط کیا گیا پھر جس کو پنجاب کا ڈاکو کہتے تھے پرویز الہی کو مسلط کر دیا گیا۔تینوں پارٹیوں نے مل کر مہنگائی بیروزگاری مسلط کی ہے۔صوبے میں لاقانونیت بڑھ گئی۔ ان کا مستقبل عوام کی اسمبلی نہیں کوٹ لکھپت جیل ہے۔جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ ہر انسان کو عزت کے ساتھ جینے دو۔ ریاست کے ہر شہری کو روٹی کپڑا مکان ملے۔ہم چاہتے ہیں عدل انصاف کی حکمرانی ہو۔حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی چھری لے کر عوام کو زبح کیا ہے۔ان کی سیاست مفادات۔کرسی اور امریکہ کے لئے ہے۔ہم ان کے پیٹ سے نکال کر خزانہ عوام پر لگائیں گے۔ ہماری سیاست عوام ماؤں بہنوں بیٹوں اور بیٹیوں کے لئے ہے۔عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ہم غربت کا خاتمہ چاہتے ہیں جماعت اسلامی کی حکومت آئے کی تو قرآن کا نظام کا نفاذ ہو گا۔آپ کو جدید پاکستان ملے گا۔عوام یاد رکھیں آئندہ ووٹ سے ان کا احتساب کرنا ہے۔ جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی شادیاں بھی باہر ہوتی ہیں۔علاج بھی باہر ہوتے ہیں۔سراج الحق عوام کی بات لے کر عوام میں کھڑے ہیں۔ ہم ملک لوٹنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔اس نظام میں مزدور محنت کش کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ ن لیگ پی ٹی آئی اور دیگر جماعتیں نظام نہیں بدلیں گی۔یہ ظالمانہ نظام اب عوام کو بدلنا ہوگا۔ اس موقع پر ،امیر العظیم مرکزی جنرل سیکرٹری، ضلعی امیر جماعت اسلامی ناصر محمود کلیر،زمان حیدر چیمہ ضلعی صدر جماعت اسلامی یوتھ،امیر جماعت اسلامی وزیرآباد زون صابر حسین بٹ،ملک ذبیع اللہ ودیگر نے بھی خطاب کیا اور حکومت کی منفی پالیسیوں اور مہنگائی کے خلاف خطابات کیے.