کالعدم ٹی ٹی پی کی عمران خان پر حملوں کی منصوبہ بندی کی تردید

پشاور (آن لائن) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر حملوں کی منصوبہ بندی کئے جانے کی تردید کردی۔عمران خان کو دھمکیوں سے متعلق افواہوں کے حوالے سے کالعدم ٹی ٹی پی نے اپنے لیٹر ہیڈ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ جنگ سے دور رہنے والی کوئی سیاسی شخصیت یا جماعت قطعاً ہمارے نشانے پر نہیں ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنی پارٹی کے صوبائی ترجمانوں کے ساتھ ایک اجلاس میں دعویٰ کیا ہے کہ انہیں قتل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں جنوبی وزیرستان کے لوگوں کو ٹاسک دیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تقریباً 10 روز قبل بھی اسی پارٹی کے چند لوگوں نے اسی نوعیت کے بے بنیاد دعوے کئے تھے۔