ترکیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امداد ی سامان

کراچی(آن لائن)ترکیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے 9 سو ٹن امدادی سامان لیکر دوسرا جہاز پاکستان پہنچ گیا ہے۔ امدادی سامان میں غذائی اجناس، کمبل، ادویات اور دیگر ریلیف کا سامان شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ترکیہ کی جانب سے 9 سو ٹن سامان پر مشتمل دوسرا جہاز کراچی پورٹ پر پہنچ گیا ہے۔ امدادی سامان میں کھانے پینے کی اشیاء، گرم کپڑے، بستر، کمبل، صفائی اور کچن کے سامان سمیت دیگر اشیاء شامل ہیں۔ترکیہ اور شام میں زلزلے کے باعث پاکستان کو سامان حوالگی کے حوالے سے کراچی ہاربر پر سادہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ کراچی میں ترک قونصل جنرل جمال سانگو نے ترکیہ کے ادارہ برائے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کی نمائندگی کرتے ہوئے امدادی سامان وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے بحالی پروگرام رسول بخش چانڈیو کے حوالے کیا۔ اس موقع پر ترک قونصل جنرل جمال سانگو نے کہا کہ ترکیہ میں شدید زلزلے کے باجود ہم پاکستانی سیلاب متاثرین کو نہیں بھولے۔ واضح رہے کہ ترکیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے گزشتہ ماہ بھی 863 ٹن سامان لیکر جہاز پاکستانی آیا تھا.