صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور آمد، پولیس لائنز دھماکے کے زخمیوں کی عیادت، جلد صحت یابی کی دعا

پشاور (آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور آمد، پولیس لائنز دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی، دھماکے کے زخمیوں کے احوال کے بارے میں طبی عملے اور انتظامیہ سے تفصیلی بات کرتے ہوئے اہم ہدایات دیں۔صدر مملکت نے زخمیوں سے اظہارِ یکجّہتی کرتے ہوئے جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے دھماکے میں بچ جانے والی واحد خاتون زخمی کی بھی عیادت کی۔صدر مملکت کا دھماکے میں خاتون کے خاندان کے افراد کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا۔ صدر نے زخمیوں کو دی جانے والی طبی امداد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پولیس لائنز دھماکہ ایک تکلیف دہ اور گھناؤنا واقعہ تھا دہشت گردی کا ملک سے مکمل قلع قمع کریں گے پاکستانی قوم، سیکورٹی فورسز اور افواج نے دہشت گردی کا جیسے مقابلہ کیا دْنیا میں کہیں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، افواج اور عوام مل کر دوبارہ دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں میں خلل نہ آئے اس لیے کْچھ وقت گزر جانے کے بعد زخمیوں کی عیادت کے لئے آیا ہوں دکھ کی اِس گھڑی میں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ صدر نے کہااکہ حکومت، انتظامیہ اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی جانب سے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جن افراد نے دھماکے میں اپنے پیاروں کو کھویا اْن کے نقصان کا ازالہ نہیں کیا جا سکتا حکومت کی جانب سے شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے امداد خوش آئند ہے۔