90 دنوں کے اندر انتخابات کا اعلان نہ ہوا تو آئین شکنی ہو گی، فیصل جاوید

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید نے کہا ہے 90 دنوں کے اندر انتخابات کا اعلان نہ ہوا تو آئین شکنی ہو گی، ہم پر پرچے کرنے سے معیشت بہتر نہیں ہوگی، ایک طرف ہم پر مقدمات،دوسری طرف مذکرات کا کہتے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک ہی حل کا کہا، انتخابات کی تاریخ دیں، آج بے روزگاری اور مہنگائی ریکارڈ توڑ رہی ہے، ایسے میں حل صرف الیکشن ہے جو عوام نے تجویز کیا۔انہوں نے کہا کہ 90 دنوں کے اندر انتخابات کا اعلان نہ ہوا تو آئین شکنی ہو گی، آئین کے مطابق انتخابات ہونا ضروری ہیں۔فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ سیاسی اتفاق رائے کرنا ضروری ہے، آپ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں ہم آپ کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مہنگائی نے ملک میں ریکارڈ توڑ دیے، لوگ ملک چھوڑ کے جارہے ہیں، انتخابات کا اعلان ہو گا تو ملک کی معیشت بہتر ہو گی، فواد چوہدری، شہباز گل اور اب شیخ رشید کے ساتھ جو ہو رہا ہے قابل مذمت ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ شیخ رشید کو حق و سچ کی آواز اٹھانے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کچہری میں موجود ہیں، ان کے ساتھ ہر جگہ اظہار یکجہتی کے لیے تیار ہیں۔فیصل جاوید نے یہ بھی کہا کہ ٓازادی صحافت پر آئے روز قدغن لگائی جا رہی ہے، آئے روز صحافیوں کے حقوق کو پامال کیا جاتا ہے، جو سچ بتائے گا اس کو ڈرایا جاتا ہے، میڈیا پر مزید پابندیاں لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو مہنگائی اور حکومت کی نااہلی دکھاتا ہے اس کے خلاف کارروائی ہوتی ہے.