لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی وکالت کرنا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے، اگر پاکستان جسم ہے تو کشمیر روح، مقبوضہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی تکمیل کا مسئلہ ہے۔ واضح کر دوں جان دے سکتے ہیں، کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ حکمرانوں کو بتا دیا تھا گلگت بلتستان کوصوبہ کی حیثیت دینے سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی آئینی اور اخلاقی پوزیشن کمزور ہو جائے گی، جب تک مقبوضہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق آزاد نہیں ہو جاتا، گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا درست فیصلہ نہیں۔ حکومت پر یہ بھی بار بار واضح کیا کہ اگر کشمیر کی آزادی کی جنگ سری نگر میں نہ لڑی تو بھارت یہ لڑائی مظفر آباد تک لے آئے گا۔ تسلیم کرتا ہوں کہ اسلام آباد لیٹ گیا، لیکن پاکستان کی عوام اور جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے، مقبوضہ وادی کا نوجوان اور مائیں بہنیں بھی قربانیاں دے رہی ہیں۔ پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر نئے عزم کے ساتھ منایا جائے، سب گھروں سے نکلیں اور گجرات کے قصائی مودی کو پیغام دیں کہ کشمیر ہمارا ہے۔ تجویز ہے کہ کشمیر کاز کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے کے لیے اسلام آباد کشمیری قیادت کو سہولیات فراہم کرے، یہ مسئلہ کلی طور پر پاکستان کے سیاست دانوں اور سفیروں پر نہ چھوڑا جائے، اقوام متحدہ میں پاکستان کا سفیر ہر موضوع پر گفتگو کرتا ہے، کشمیر پر نہیں۔ یقین ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا سورج ہر صورت طلوع ہو گا، شہیدوں کا خون رنگ لائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں قائدین آل پارٹیز حریت کانفرنس کے اعزاز میں استقبالیہ کے دوران کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ استقبالیہ میں حریت کانفرنس کی آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع، اسلام آباد اور برطانیہ، ترکی ودیگر ممالک سے قیادت نے شرکت کی۔امیر جماعت نے خطاب کے دوران پشاور کی مسجد میں ہونے والے دھماکا کو ملکی تاریخ کا ایک اور اندوہناک اور انتہائی افسوس ناک واقعہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کم از کم کسی انسان سے اس طرح کی حرکت توقع نہیں کی جا سکتی، واقعہ میں درندے اور ظالم ملوث ہیں، یہ دہشت گردی اور ظلم عظیم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں شہیدوں، زخمیوں اور ان کے لواحقین کے لیے ہیں۔ملک کی معاشی و سیاسی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکمران ناکام اور حواس باختہ ہو گئے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
Load/Hide Comments



