لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں بیٹھے ذمہ داران کی وفاداری آئین کے ساتھ نہیں بلکہ کہیں اور ہی ہے، ہماری آپ سے کوئی دشمنی نہیں، آپ نے دشمنی کرنی ہے تو ملک دشمنوں سے کرو۔ زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ آئین پر عملدرآمد نہ کرنا، آئین کو توڑنا ہی آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی ہے،پاکستان میں آئین اور قانون سے طاقتور کیا ہے؟ فواد چوہدری پر غداری، بغاوت کے مقدمے بنانے ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ 9 ماہ میں آپ نے ملک کا جو حشر کیا ہے آپ کی تسلی نہیں ہوئی، آٹا 160 روپے کلو مل رہا ہے وہ بھی دو دو گھنٹے لائنوں میں لگ کر مل رہا ہے،آپ نے آئی ایم ایف کے آگے ناک سے لکیریں لگا دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری تو آپ سے کوئی دشمنی نہیں ہے، دشمنی کرنی ہے تو ملک دشمنوں سے کرو،وہ کہتے ہیں ہمارے بڑے الیکشن کروانے کو تیار نہیں،جتنی بے چینی ہے وہ حکومتی ایوانوں میں ہی ہے، وہ اس وقت ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح کو بھول گئے ہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ گورنر بولنے سے پہلے چوٹی کے قانون دانوں سے مشورہ کرلیں، ہزیمت نہیں اٹھانا پڑے گی۔عدالتوں اور معزز جج صاحبان کا بہت بڑا کردار ہے، عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ انصاف فراہم کریں،انتخابات نہیں کروائے جاتے تو ہم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف جلدی ٹھیک ہوں گے، ان کا بھی بڑا چھوٹا آپریشن اڈیالہ جیل میں ہوگا۔
Load/Hide Comments



