کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سردی کی شدت برقرار

کوئٹہ (آن لائن)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سردی کی شدت برقرار، کوئٹہ میں درجہ حرارت -10ڈگری سینٹی گریڈ، زیارت -15اور قلات میں -12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شدید سردی میں کوئٹہ شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری رہی، بازار سرشام تاجروں نے بند کر دیئے،گرم ملبوسات، خشک میوہ جات، یخنی،سوپ اور سبز چائے کے ہوٹلوں پر رش دیکھنے میں آیا،مستونگ، سوراب، پنچپائی کانک، پشین،کان مہترزئی، مسلم باغ، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی میں شدید سردی کے سبب کاروبار زندگی بری طرح متاثررہی، سوختنی لکڑی، کوئلہ، ایل پی جی اور مٹی کے تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو امور خانہ داری اور کاروبار زندگی چلانے میں مشکلات درپیش، شدید سردی کے سبب سڑکوں پر پانی جمنے کی وجہ سے کئی موٹر سائیکل سوار پھسلن سے گر کر زخمی ہو گئے، عوامی حلقوں کی جانب سے گیس پریشر بہتر کرنے کا مطالبہ اور لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا.