چیئرمین واپڈا کا تربیلا چوتھے پن بجلی گھر اور تربیلا پر زیر تعمیر پانچویں توسیعی منصوبے کا دورہ

لاہور (آن لائن) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے تربیلا کے چوتھے توسیعی پن بجلی گھر اور زیر تعمیر تربیلا کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ کیا اور مذکورہ پن بجلی گھر کے آپریشن سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ایک ہزار 410میگاواٹ پیداواری صلاحیت کاتربیلا چوتھا پن بجلی گھر 2018 ء میں تعمیر کیا گیا تھا۔ چیئرمین واپڈا نے تربیلا ڈیم کے زیر تعمیر پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی مختلف سائٹس کا بھی دورہ کیا اور منصوبے پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔جنرل منیجر(تربیلا ڈیم) نے پانچویں توسیعی منصوبے کے پراجیکٹ حکام کے ہمراہ چیئرمین واپڈا کو منصوبے کے اہداف اور پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ اُنہیں بتایا گیا کہ ارسا کی جانب سے تربیلا کی ٹنل نمبر5 کی بندش کی اجازت ملنے کے بعد اِن ٹیک، پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ سمیت منصوبے کی تمام پانچ سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے۔منصوبہ کے پہلے پیداواری یونٹ کی تکمیل کے لئے جولائی 2025 ء کا شیڈول مقرر ہے اور اِس یونٹ کی تکمیل پر منصوبے سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ منصوبے کے دوسرے یونٹ کی تکمیل اگست2025 ء جبکہ تیسرے یونٹ کی تکمیل ستمبر2025ء میں متوقع ہے۔تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر5پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ منصوبے کا منظور شدہ پی سی۔ون 80کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر پرمشتمل ہے۔ منصوبے کے لئے ورلڈ بنک39کروڑامریکی ڈالر جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 30کروڑامریکی ڈالر مہیا کر رہا ہے۔ منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے۔ منصوبے کے تین پیداواری یونٹ ہیں اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 510میگاواٹ ہے۔یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً ایک ارب 34کروڑ 70لاکھ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کرے گا۔ تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6ہزار 418میگاواٹ ہو جائے گی۔