4 سال کی تباہی 2 ماہ میں ختم نہیں ہوسکتی، شاہد خاقان عباسی

کراچی (آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 4 سال کی تباہی 2 ماہ میں ختم نہیں ہوسکتی۔پیر کے روز کراچی میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی بدحالی کاشکار ہوا، 4 سال کی تباہی 2 ماہ میں ختم نہیں ہوسکتی، ملکی حالات بہتر کرنے کیلئے بڑے فیصلے کرنے ہوتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہر حکومت کو ہر وقت اعتماد کے ووٹ کے لیے تیار رہنا ہوتا ہے، اسمبلی اسمبلی کھیلنے سے سیاست درست نہیں ہو گی۔2018ء کا الیکشن چوری ہوا تو یہی افراد تھے اور آج انہیں اسمبلی تحلیل کرنی پڑی، اسمبلی تحلیل کرنے والوں کو عوام کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، سپریم کورٹ کئی مہینوں سے نیب قوانین میں ترامیم پر غور کر رہا ہے، لوگوں کی زندگیوں پر ان معاملات سے کیا اثرات ہوئے؟ کیا سپریم کورٹ کو ان کا علم ہے؟