کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا

کوئٹہ (آن لائن)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، درجہ حرارت نکتہ انجماد سے گر گیا،ملک بھر سے آئے ہوئے سیاح زیارت، مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ توبہ کاکڑی اور خانوزئی کی طرف روانہ ہو گئے، تاکہ برفباری سے لطف اندوز ہو سکیں، اس طرح کوئٹہ کے بہت سے شہریوں نے بھی برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے مختلف مقامات کی طرف سفر شروع کر دیا، کوئٹہ میں خشک میوہ جات،گرم ملبوسات،اور یخنی کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اسی طرح سبز چائے کے ہوٹلوں پر بھی رش نظر آتا ہے، اس کے علاوہ عالمو چوک پر لاندھی کے گوشت اور بڑے پائے کی خرید میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، لنڈا بازار میں بھی جوتوں کی خرید میں اضافہ ہوا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں بھی برفباری کا امکان ہے، جبکہ شمالی بلوچستان میں مزید برفباری کی پیشنگوئی کی گئی ہے جسکی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، محکمہ پی ڈی ایم اے نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر ایمر جنسی نافذ کر دی ہے، تاکہ کسی بھی حادثاتی حالات سے نمٹا جا سکے، محکمہ نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے گزیر کریں.