کراچی (آن لائن) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں عوام کے مسائل میں صحت کے مسائل سب سے زیادہ توجہ طلب ہیں، اس ضمن میں مدنی ہیلتھ کیئر سینٹر کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ کیئر سینٹر کے قیام سے متوسط طبقے کو ریلیف ملے گا کیونکہ اس طرح کے جدید مراکز کا قیام ہر علاقے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیضان مدینہ کے مدنی ہیلتھ کیئر سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ فیضان مدینہ کے زیر انتظام فلاحی ادارے عوام کے لیے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے سیلاب زدگان کے لیے ادارے کا مختلف علاقوں میں امدادی کیمپس کا لگانا اور امداد سیلاب زدگان تک پہنچانا قابل تحسین عمل ہے اور اس مقصد میں حصہ لینے والا ہر ایک فرد قابل تعریف ہے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کی کاوشوں کی بدولت ہی اتنی بڑی قدرتی آفت کا ہم سب نے مل کر مقابلہ کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ صوبہ کے عوام کی مشکلات کم کرسکوں اور اسی سلسلے میں روز مختلف علاقوں کا دورہ بھی کرتاہوں تاکہ کسی طرح ان کے دکھوں کا مداوا کرسکوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کراچی میں ہم سب کو مل کر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے اس سلسلے میں دعوت اسلامی کے ہر ایک فرد کی بہت اہمیت ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوام ہر روز ایک نئی کشمکش کا شکار ہورہے ہیں اسی لئے ہمیں کراچی کے شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے ہر دروازے پر جانا ہوگا، کیونکہ کراچی ترقی کریگا تو پاکستان ترقی کریگا.
Load/Hide Comments



