نیب ترمیم کے خلاف کیس کی سماعت 10 جنوری کو ہوگی،چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا

اسلام آباد(آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان نے آمدہ عدالتی ہفتہ مختلف اہم اور عام نوعیت کے مقدمات کی سماعت کیلئے 6 ریگولر اور 2 سپیشل بینچ تشکیل دیئے ہیں۔عدالت عظمیٰ کی طرف سے جاری کاز لسٹ کے مطابق سوموار9 جنوری کو سپریم کورٹ میں جسٹس اعجاز الحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ قومی اثاثوں کی فروخت کے خلاف لئے گئے از خود نوٹس کی سماعت کرے گا۔ منگل 10 جنوری کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سابق وزیر اعظم عمران خان کی نیب ترامیم کے خلاف دائر درخواست،سابق وفاقی وزیر اعجاز حسین جاکھرانی کی درخواست ضمانت سمیت سینیٹ الیکشن سے متعلق عباس خان کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کرے گا۔ منگل کو ہی جسٹس اعجازالحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ عدالت عظمیٰ میں جمع شدہ رقم میں خرد برد سے متعلق سابق رجسٹرار سپریم کورٹ آمین فاروقی کے خلاف دائر درخواست سمیت صوبائی اسمبلی کی انتخابی عزر داری سے متعلق محمد سلیمان کی اپیل پر سماعت کرے گا۔ بدھ 11 جنوری کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ملازمت برخاستگی سے متعلق پاک آرمی ایکٹ 1952 کی دفعہ 16 سے متعلق دائر مختلف درخواستوں پر سماعت کرے گا۔بدھ کو ہی جسٹس اعجازلحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ میڈیا رپورٹرز کے خلاف غیر قانونی مقدمات اور حراساں کرنے کے خلاف لیے جانے والے از خود نوٹس کی سماعت کرے گا۔ جمعرات 12 جنوری کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کوئٹہ شہر سے سٹون کرشنگ پلانٹس کی منتقلی سے متعلق دائر درخواست سمیت ریلوے ملازمین سروس مستقلی کے معاملہ کی سماعت کرے گا۔جمعرات کو ہی جسٹس مظاہر علی نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ محمد ضیام بنام آئی جی اسلام آباد پولیس کیس جو قتل کیس کی حتمی تفتیشی رپورٹ کے بر وقت جمع کرانے سے متعلق ہے کی سماعت کرے گا۔ جمعہ 13جنوری کو سپریم کورٹ میں روز مرہ سول، سروس، فوجداری، ٹیکس، فیملی بینکنگ اور دیگر نوعیت کے کیسز پر مختلف بینچوں میں سماعت ہوگی۔