لاہور ہائیکورٹ، فرح خان اوران کے شوہر کی درخواست پر نیب نوٹسز پر فوری حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا مسترد،نیب کو نوٹس جاری

لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان اوران کے شوہر کی درخواست پر نیب نوٹسز پر فوری حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فرح خان، ان کے شوہر احسن جمیل اورغوثیہ بلڈرز کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔فرح گوگی نے درخواست میں نیب کے نوٹسز کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نیب بد نیتی کی بنیاد پر نوٹسز جاری کررہا ہے، نیب کے پاس پرائیویٹ کاروبار میں کارروائی کا اختیار نہیں لیکن اس کے باوجود بار بار نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں۔درخواست گزاروں کے وکیل کے مطابق نیب نوٹسز کی تعمیل کیلئے پولیس کو استعمال کر رہا ہے جس کا کوئی جواز نہیں۔ وکیل نے استدعا کی کہ نیب نوٹس پر عملدرآمد معطل کیا جائے۔عدالت نے نیب نوٹسز پر فوری حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ درخواست گزاروں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نہیں ہے نہ ہی بلیک لسٹ ہوئے ہیں۔عدالت نے درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا.