لاہور (آن لائن) چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیر صدارت پنجاب احساس پروگرام کی چوتھی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ایوان وزیراعلی میں منعقد ہوا جس میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری، چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل، چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر واصف خورشید نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پنجاب میں جاری احساس پروگرامز بارے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ صحت تحفظ پروگرام کو لانچ کرنے بارے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ احساس پروگرامز میں رجسٹرڈ افراد کو بینکنگ فراڈ سے بچانے کیلئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی منظوری دی گئی۔ پی آئی ٹی بی، نیشنل بنک، بنک آف پنجاب اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی پالیسی کو حتمی شکل دیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، پارٹنر بینکس کے ساتھ مل کر رقوم کی منتقلی اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔ مستقبل میں احساس راشن رعایت پروگرام کادائرہ کار بڑے کریانہ اسٹورز تک بڑھایا جائے گا جس کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت رجسٹرڈ دکانوں پر اب تک 2 ارب روپے کی سبسڈی دی جس چکی ہے۔ پنجاب بھر سے تقریباً 80 لاکھ گھرانے درخواستیں جمع کروا چکے ہیں جبکہ40 ہزار کریانہ دوکاندار اس پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے درخواست دے چکے ہیں۔ چیئرپرسن احساس پنجاب سٹیرنگ کمیٹی نے مزید کہا کہ رجسٹرڈ کریانہ دکانداروں کی تصدیق کا عمل پنجاب بھر میں جاری ہے۔ اہل خاندانوں کو تصدیقی ایس ایم ایس بھیجنے کا عمل جاری ہے جبکہ شکایات کے ازالہ کے لیے کال سینٹر بھی قائم کیا جا چکا ہے۔ شکایات کے اندراج کے لیے 5050 08000 نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری ہیلتھ واجد علی شاہ سپیشل سیکرٹری فنانس محمد علی رندھاوا سمیت سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر سہیل انور چوہدری، سی ای او سوشل پروٹیکشن اتھارٹی توصیف دلشاد، صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود اور ڈپٹی سیکرٹری وزیراعلی پنجاب عمر جاوید نے شرکت کی.
Load/Hide Comments



