الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان کرے تو ہم بھی تیار ہیں، اسحاق ڈار

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان کرے تو ہم بھی تیار ہیں، جمعے میں 3روز باقی ہیں دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے‘ چیف الیکشن کمشنر اپنا آئینی کردار ادا کریں گے‘ آئندہ عام انتخابات مردم شماری کی تکمیل کے بعد ہی ہوں گے۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے ہی کرنا ہے، چیف الیکشن کمشنر اپنا آئینی کردار ادا کریں گے، حکومت مردم شماری کے لیے فنڈز جاری کرچکی ہے، آئندہ انتخابات مردم شماری کی تکمیل کے بعد ہی ہوں گے اور اگر اسمبلیاں تحلیل ہوتی ہیں تو 90روز کے اندر انتخابات ہوسکتے ہیں۔امید ہے کہ ہمیں الیکشن میں کامیابی ملے گی، پرویزالہٰی نے صاف صاف بتادیا کہ جنرل (ر) باجوہ پر بات کریں گے تو ہم جواب دیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور ڈالر کی قیمت میں واضح کمی آچکی ہے لیکن 40 ماہ کی اقتصادی تباہی کو 5سے6ماہ میں ٹھیک نہیں کرسکتے، قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر ایوان صدر کا دورہ کیا، جب صدرعارف علوی سے ملاقات ہوتو باتیں ہوتی رہتی ہیں۔