سہولتوں کیلئے سعودی عرب کی حکومت سے رابطہ میں رہتے ہیں،حافظ طاہر محمود اشرفی

لاہور (آن لائن) سہولتوں کیلئے سعودی عرب کی حکومت سے رابطہ میں رہتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ اس سال حجاج کرام کیلئے سہولتوں میں مزید اضافہ ہو گا، گزشتہ سال حکومت سعودی عرب نے حج کے بہترین انتظامات کیے تھے، پاکستان علما ء کونسل ہوپ کے ساتھ مل کر حجا ج کرام کی تربیت کے انتظامات کرے گی۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے وزارت مذہبی امور اور حج و عمرہ آرگنائزرز کی تنظیم ہوپ کے زیر اہتمام حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس کی صدارت وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور نے کی جبکہ کانفرنس سے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی،سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، امتیاز الرحمن، چودھری سعید احمد، ملک شفیق کاشف، رانا محمود الحسن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد طاہر محمودا شرفی نے کہا کہ حج و عمرہ ایک مقدس عبادت ہے، سعودی عرب کی حکومت بالخصوص خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی سرپرستی میں حجاج اور زائرین کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں پیدا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کی حکومت نے جس طرح عمرہ ویزہ کو آسان کیا ہے وہ قابل قدر اور قابل ستائش ہے۔ہر مسلمان سعودی عرب کی حکومت اور عوام کی خدمات کو قابل قدر انداز میں دیکھتا ہے۔ کرونا کی وبا ء کے باوجود حج کا معطل نہ ہونا سعودی عرب کی حکومت کا عظیم کارنامہ ہے جس پر پورا عالم اسلام سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے جو حجاج کرام کیلئے گزشتہ سال انتظامات کیے اس پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج آرگنائزیشنز،حجاج اور زائرین کیلئے تمام مثبت اقدامات میں حکومت کا تعاون جاری رہے گا۔