وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کالاہور میں ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلانے کا اعلان،پہلے مرحلے میں 300 ہائبرڈبسیں خریدی جائینگی

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے لاہور میں ماحول دوست ہائبرڈ بسیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کیلئے پہلے مرحلے میں 300 ہائبرڈبسیں خریدی جائیں گی اور عوام کی سہولت کیلئے لاہور میں 200 نئے بس سٹاپ بنائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 20واں اجلاس منعقد ہوا،جس میں لاہور میں ماحول دوست ہائبرڈ بسیں خریدنے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں مجموعی طورپر 513 ہائبرڈ بسیں چلائی جائیں گی اورپنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نئی ہائبرڈ بسیں پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے چلائے گی۔وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی نے نئی بسوں میں خواتین،سپیشل اور نابیناافراد کے لئے سیٹیں مخصوص کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سپیشل اورنابینا افراد کیلئے بس کے دروازے کے قریب سیٹیں مختص کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے لاہور میں نئے بس سٹاپ بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خواتین خصوصاًطالبات کے تعلیمی ادار وں کے اوقات کار کو مدنظر رکھ کرنئی بسوں کے روٹس کا تعین کیا جائے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ماضی میں سرکاری سطح پر ٹرانسپورٹیشن سسٹم کا تجربہ فیل ہو ا اور پائیدار ٹرانسپورٹیشن سسٹم تشکیل دینے سے غفلت برتی گئی- وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے ڈیرہ گجراں میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے دفاتر تعمیر کرنے کی منظوری دی اورپنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی آکشن پالیسی کی بھی منظوری دی۔ارکان پنجاب اسمبلی افتخار گوندل، خدیجہ عمر، شمیم آفتاب،پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، پنجاب ماس ٹرانز اتھارٹی کے اعلی حکام اورممبرز نے اجلاس میں شرکت کی۔