سیاست دان ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لئے دست و گریباں ہیں،لیاقت بلوچ

فیصل آباد(آن لائن)جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیرلیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیاست دان ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لئے دست و گریباں ہیں۔ استعفوں اور اسمبلیوں کو توڑنے کی بات ہورہی ہے۔سیاستدان اسٹیبلشمنٹ کے پاس جانے کی بجائے جمہوریت پر یقین رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ذلت والا معاہدہ کیا گیا ہے، صنعتوں کا پہہ بالکل جام، عوام بے روزگار ہیں، آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی اپنے نشان اور پرچم کے ساتھ حصہ لے گی۔ پورے ملک میں امیدواروں کو میدان میں اتارا جائے گا۔ ملک بھر میں ورکرز کنونشن کا آغاز کردیاہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق16دسمبر کو فیصل آباد میں ورکرزکنونشن سے خطاب کریں گے۔اسلامی جمعیت طلبا یونیورسٹیز اور کالجز میں طلبا وطالبات کی فکری راہنمائی کیلئے مثبت کردار اداکرہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبا کے زیراہتمام ایجوکیشنل ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی امیر جاویدقصوری اور ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ بھی موجود تھے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ نوجوان قوم کی امیدوں کا واحد مرکز ہیں اور انہی سے ہی حقیقی تبدیلی آئے گی۔ نوجوانوں کو اپنا سربلند کر کے فرسودہ نظام کے خلاف بات کرنا ہو گی۔ جماعت اسلامی سے وابستہ موجودہ اور سابقہ ارکان اسمبلی نہ نیب زدہ ہیں نہ ہی انہوں نے قرضے معاف کرائے ہیں۔وڈیروں، ظالم سرمایہ داروں اور مافیا سے نجات کے لیے نوجوان کردار ادا کریں۔ حقیقی تبدیلی تب آئے گی جب نوجوان اپنے حقوق آواز بلند کریں گے۔جماعت اسلامی ملک بھر میں نوجوانوں کو اسلامی انقلاب کے لیے منظم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سیلاب،زلزلہ، کورونا کے مواقع پرنے قوم کی خدمت کی اعلیٰ مثالیں قائم کیں۔