ملک کو الیکشن کی نہیں استحکام کی ضرورت ہے، اسمبلیاں بنانا اور توڑنا کھیل ہے کیا؟ سعد رفیق

لاہور (آن لائن)وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الیکشن کی کوئی ضرورت نہیں، اسمبلیاں بنانا اور توڑنا کھیل ہے کیا؟ہر وقت فوج کو گھسیٹ کر سیاست میں لے آنا اچھی بات نہیں،اسمبلیاں تحلیل نہیں ہو ں گی،لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اب حالات مختلف ہیں، عمران خان کے ساتھ کوئی نہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو فی الحال الیکشن کی کوئی ضرورت نہیں اگر ضرورت ہے تو ملکی استحکا م کی ضرورت ہے، اسمبلیاں بنانا اور توڑنا کھیل ہے کیا؟ انتخابات کرانے کے لیے پیسے چاہئیں۔ان کا عمران خان سے مخاطب ہو کر کہنا ہے کہ جہاں آپ کی حکومتیں ہیں وہاں عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام کریں۔وزیرِ ریلوے نے کہا کہ جنہوں نے انہیں زمین سے اٹھا کر جھوٹا مہاتما بنایا ان کے ساتھ انہوں نے احسان فراموشی کی، ہر وقت فوج کو گھسیٹ کر سیاست میں لے آنا اچھی بات نہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہماری 2013ء اور 2018ء کی کارکردگی کا ان کے 4 سال سے موازنہ کریں، اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا۔انہوں نے کہا کہ ادارے تباہ کر دیے گئے، حکومت کے پاس کوئی پیسہ نہیں، ان 8 ماہ میں تو ہم آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے خیال میں نیب ختم کر کے احتساب کا ایک نیا ادارہ بنانا چاہیے، موجودہ چیئرمین نیب ایماندار آدمی ہیں، مونس الہٰی میرا سبجیکٹ نہیں، اب وہ ساتھ دینے والے نہیں رہے۔ ابھی تو عمران خان کے ساتھ کچھ ہوا بھی نہیں کہ وہ چیخیں مار رہے ہیں،ان کا لانگ مارچ نالہ لئی میں لینڈ کر گیا ہے،بہت ہی بھونڈے انداز میں ہمارے خلاف مقدمات بنائے گئے تھے، صاف ظاہر تھا کہ سیاسی مخالفت کے باعث یہ مقدمات بنائے گئے۔