وزیراعظم کی لاہور میں مصروفیات

لاہور (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف جو جمعہ کے روز سے لاہور میں مقیم ہیں نے گزشتہ روز اپنی ذاتی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں مصروف دن گزارا۔ وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ بعدازاں انہوں نے پی ایم ایل این کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے اعلان پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانے کیلئے ہر قانونی اور آئینی اقدامات اٹھائے گی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وزیراعظم کو پنجاب اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانے کیلئے قانونی معاملات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دیگر مرکزی اور صوبائی رہنماؤں نے شرکت کی۔