لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مسٹر جسٹس شاہد کریم کی عدالت نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس پر سماعت کرتے ہوئے ایک بڑا فیصلہ دے دیا ہے جس کے مطابق دالت عالیہ نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کو ہفتہ میں دو دن اور شہر میں واقع تمام نجی دفاتر کو بھی ہفتہ میں دودن بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔ عدالت عالیہ کے حکم کے مطابق تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے جمعہ اور ہفتے کے روز دو دن کے لئے بند رہا کریں گے جبکہ اتوار کے روز عام تعطیل ہو گی۔ اسی طرح شہر کے تمام نجی اداروں کے دفاتر بھی جمعہ اور ہفتے کے روز بند رہا کریں گے جبکہ نجی اداروں کے ملازمین دو روز گھروں میں بیٹھ کر کام کیا کریں گے۔ عدالت عالیہ نے اپنے حکم میں دھواں چھوڑنے والے اینٹوں کے بھٹوں کو مسمار کرنے، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بند کرنے اور ان کے خلاف مقدمات کا اندراج کرنے جبکہ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کو پہلے نوٹس دینے اور پھر ان فیکٹریوں کو مسمار کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ عدالت عالیہ نے شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس پر مزید سماعت آئندہ جمعہ تک کے لئے ملتوی کر دی ہے۔
Load/Hide Comments



