پاک چین تعلقات ہر دور میں انتہائی قابل اعتبار اور مثالی رہے ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات ہر دور میں انتہائی قابل اعتبار اور مثالی رہے ہیں .وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چائنہ کنسٹرکشن تھرڈ انجنئیرنگ بیورو کے وفد نے کمپنی کے وائس چئیرمین جناب تان گو فوکی سربراہی میں ملاقات کی۔وزیر اعظم نے چائنہ کنسٹرکشن تھرڈ انجنئیرنگ بیورو کے وفد کا خیر مقدم کیا، اور اپنے گزشتہ دورہ چین کے دوران کمپنی کے صدر سے ہونے والی ملاقات کا ذکر کیا۔وزیر اعظم نے کمپنی کے وائس چئیرمین جناب تان گو فوکی جانب سے پاکستان میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا۔وزیر اعظم نے چائنہ کنسٹرکشن تھرڈ انجنئیرنگ بیورو کو پاکستان میں قابل تجدید خصوصا شمسی توانائی کے منصوبہ جات میں بھرپور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وزیر اعظم نے سیلاب زدگان کی مددکیلیے مختلف اشیاء عطیہ کرنے پر کمپنی کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں وزیر اعظم کے معاونین خصوصی طارق فاطمی، ظفرالدین محمود اور متعلقہ اعلی سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔