فوج نے غیرسیاسی رہنے کافیصلہ بطورادارہ کیا اوراس پرقائم ہے،رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ فوج نے غیرسیاسی رہنے کافیصلہ بطورادارہ کیا اوراس پرقائم ہے۔ گورنرپنجاب وزیراعلیٰ کو اعتماد کاووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں،نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ فوج آئندہ بھی آئینی کردارتک محدود رہے گی توغیریقینی کی صورتحال نہیں ہوگی۔وزیرداخلہ نے کہا کہ عدم اعتماد سے آج تک اسٹیبلشمنٹ کا کردار اے پولیٹیکل رہا ہے، یقین تھااسٹیبلشمنٹ عمران خان کاساتھ چھوڑ دے توعدم اعتماد کامیاب ہوگی، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی آئی ایس آئی نے کہا سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے۔راناثنااللہ نے واضح کردیا کہ پی ٹی آئی نے پنجاب اورخیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کیں توفوری انتخابات کرادیں گے۔ مزید کہا کہ گورنرپنجاب وزیراعلیٰ کو اعتماد کاووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اسمبلیاں توڑدیں تو ہم 60روز میں ضمنی الیکشن کروادیں گے تاہم جب یہ اسمبلی توڑنے کیلئے بندے لائیں گے تو پورے بندے نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ گورنر کو یہ اختیار ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہے، پنجاب میں عدم اعتماد لانے سے بہتر ہے وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جائے۔ راناثنااللہ نے کہا کہ ہمارے کہنے پر بھی بلوچستان اور سندھ اسمبلی نہیں ٹوٹے گی۔