لاہور(آن لائن ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے تمام اسمبلیوں سے استعفوں کے اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا اہم اجلاس آج (پیر کو)طلب کرلیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کے مطابق عمران خان کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے استعفے دینے سے متعلق حکمت عملی زیر غور آئے گی، پیر کو پی ٹی آئی لیڈرشپ اجلاس کے بعد پارلیمانی اجلاسوں سے عمران خان مشاورت کریں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ملک میں کسی قسم کا انتشار پیدا نہیں کرنا چاہتے، معاشی حالات پہلے ہی بْرے ہیں توڑ پھوڑشروع ہو گئی تو حالات مزید خراب ہوجائیں گے، ہم ملک میں تباہی مچانے کے بجائے کرپٹ نظام سے باہر نکلیں گے، اسلام آباد نہیں جائیں گے، ہم اس کرپٹ سسٹم کا حصہ نہیں بنیں گے۔ تمام اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان کرتے ہیں۔ وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے، پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد تاریخ کا اعلان کرونگا۔
Load/Hide Comments



