گھڑی خریدار عمر فاروق اظہر ایک جھوٹا، جعلساز اور مجرم شخص ہے، فیاض الحسن چوہان

لاہور (آن لائن) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے عمر فاروق اظہر کے بارے بیان دیتے ہوئے کہا کہ گھڑی خریدار عمر فاروق اظہر ایک جھوٹا، جعلساز اور مجرم شخص ہے۔ایک بار پھر بین الاقوامی دو نمبری کے ساتھ اس بندے کو لانچ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمر فاروق اظہر کا عمران خان سے بالواسطہ یا بلا واسطہ کوئی تعلق نہیں۔ یہ شخص ایک سے زائد ممالک میں دھوکا دہی اور بچوں کی تحویل کے مقدمات میں مطلوب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو بدنام کرنے والا منجن مزید بکنے والا نہیں، اب عوام سب جانتی ہے۔ عمران خان نے توشہ خانہ سے قانون کے مطابق گھڑی خریدی تھی۔ یہ گھڑی ٹیکس ریٹرن اور الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں ظاہر ہے۔ جعلی حکمران آئے دن ایک نئی کہانی گھڑ کر خود کو پارسا سمجھتے ہیں۔ یہ چور، نکھٹو، نااہل اور نالائق اربوں روپے کی کرپشن کر کے کس منہ سے عمران خان پر الزام لگتے ہیں.