لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب نبیل احمد اعوان اور سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکڑ احمد جاوید قاضی نے بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔کا نو و کیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ایک عظیم درسگاہ ہے اور طبی تعلیم کی ترقی میں اس کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی قابل تحسین ہے کہ یہاں کے اساتذہ اور طلبا نے کورونا وبا کے دوران بھی معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر تعلیم کا سفر جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی دوران ٹیلی میڈیسن سینٹرز بھی قائم کیے گئے جنہوں نے کورونا وبا کے دوران بہت اہم کردار ادا کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کے ساتھ بہت اہم ہو چکا ہے اور طلبا کو ٹیکنالوجی اور انٹرپرینؤر شپ میں آگے آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آپ کو ایک اچھا ڈاکٹر بننے کے ساتھ ساتھ ایک اچھا انسان بھی بننا ہے اور آپ کا اچھا کردار دنیا اور آخرت میں کامیابی کا تعین کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر وہ تمام یونیورسٹیوں سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مالی مسائل کی وجہ سے کوئی بھی طالبعلم تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے اور ایسے طلبا کی تعلیمی وضائف کے ذریعے مدد کرنی چاہیے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ یونیورسٹی کو میڈیکل ریسرچ کے ساتھ ساتھ بنیادی ریسرچ پر بھی توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں ایلومینائی کے ڈونیشن سے 5 ارب روپے سے ایک اینڈومنٹ فنڈ قائم کیا جائے جس کی رقم انفراسٹرکچر،ریسرچ، ڈویلپمنٹ اور لیبارٹریز بنانے کے لیے استعمال کی جائے۔
Load/Hide Comments



