قوم انصاف کیلئے چیف جسٹس کی طرف دیکھ رہی ہے،آپ کو اپنے منصب کی ذمہ داری نبھانا پڑے گی، ا سد عمر

ٹوبہ ٹیک سنگھ (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل ا سد عمر نے کہا ہے کہ سائفر سازش معاملہ،شہباز گل پر ظلم،اعظم سواتی کیساتھ انسانیت سوز سلوک،ارشد شریف کے قتل اور سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ پر بھی سپریم کورٹ کے دروازے نہیں کھلے،قوم انصاف کیلئے چیف جسٹس کی طرف دیکھ رہی ہے،آپ کو اپنے منصب کی ذمہ داری نبھانا پڑے گی،یا اعلان کر دیں کہ طاقتور کے خلاف آواز اٹھانے والوں کیلئے انصاف کے دروازے بند ہیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے حقیقی لانگ مارچ کی قیادت کیلئے تحریک انصاف ٹوبہ ٹیک سنگھ کی طرف سے شہباز چوک میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ریلی سے پارٹی کے سینئر رہنما شہباز گل، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق ضلع ناظم چو ہدری محمد اشفاق،ایم پی اے چوہدری سعید احمد سعیدی نے بھی خطاب کیا،جبکہ اس موقع پر نائب صدر پی ٹی آئی نارتھ ریجن پنجاب جاوید نیاز منج،جوائنٹ سیکرٹری سجاد حیدر خاں، ایم این اے ریاض فتیانہ،اسامہ حمزہ،اسد زمان چیمہ،میاں جاوید اقبال،ضلعی نائب صدر میاں امتیاز احمد،چوہدری غلام نبی مٹھو گجر،میاں شہزاد احمد سمیت پارٹی عہدیداراورکارکن بھی موجود تھے،مرکزی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی اسد عمر نے مزید کہا کہ عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا،کہ نہ وہ خود کسی کے آگے جھکے گا،اور نہ ہی اپنی قوم کو کبھی کسی کے آگے جھکنے دے گا،کپتان نے اپنا وعدہ پورا کیا ہے،وہ گو لی کھا کر بھی قوم کو حقیقی آزادی دلانے کیلئے کھڑا ہے،اب قوم بھی ان چوروں کا راستہ روکنے کیلئے گھروں سے باہر نکلے اور لانگ مارچ میں شرکت کر کے لٹیروں کو واضح پیغام دیں کہ وہ حق کے ساتھ کھڑے ہیں،قبل ازیں اسد عمر،شہباز گل اور دیگر قائدین کو بڑے جلوس کے ساتھ موٹر وے ایم فور گوجرہ سے ٹوبہ ٹیک سنگھ لایا گیا،تحریک انصاف لانگ مارچ اور ریلی کیلئے ضلعی پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔