نازک صورتحال میں جی ایچ کیو کے ساتھ کھڑا ہوں، پیر پگارا

کراچی (آن لائن) حروں کے روحانی پیشوا پیر صبغت اللہ راشدی (پیرپگارا) نے پاک افواج کے خلاف ہرزہ سرائی کی شدید مخالفت کرتے ہوئے دوٹوک موقف اختیارکیا ہے اور کہا ہے کہ میرا خاندان اور حر جماعت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔بھارت کی جرات کیسے ہے کہ وہ ہمارے اداروں پر تنقید کرے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری آد ھی رات کو اچانک پگارا ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے پیر پگاڑا سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر اہم گفتگو ہوئی۔، پیر پگارا نے گورنر سندھ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا دو ٹوک موقف ہے کہ اس نازک صورتحال میں جی ایچ کیو کے ساتھ کھڑا ہوں،میں فوج کو اپنا خاندان سمجھتا ہوں، میرا خاندان اور حر جماعت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، ہم پاک افواج کے خلاف ہرزہ سرائی کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔میرے والد 1954 سے کھڑے رہے اور میں بھی اپنی آخری سانس تک پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت پاکستان اور اداروں کو آنکھیں دکھا رہا ہے، کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کا قاتل بھارت کی جرات کیسے ہے کہ وہ ہمارے اداروں پر تنقید کریاس وقت سیاست نہیں ملک بچانا ہے، تمام سیاست دانوں کو سوچنا ہوگا کہ وہ کسی کا آلہ کار بن کر ملک کو تو نقصان نہیں پہنچا رہے۔واضح رہے کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ایک ہفتے کے دوران پیرپگارا پیر صبغت اللہ راشدی سے دوسری اہم ملاقات ہوئی ہے۔