لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے حکمرانوں سے الیکشن کی تاریخ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد طریقہ الیکشن ہے، فوری انتخابات ملک کے لیے ناگزیر ہیں۔گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ملک جن حالات سے آج گزر رہا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں گزرا لیکن ہم پہل نہیں کریں گے، یہ حکومت بیرونی مداخلت سے آئی ہے، قومی سلامتی کمیٹی کیاجلاس میں مداخلت کی بات تسلیم ہوئی تھی۔عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ وہ تیار ہیں، عمران خان میں عوام کو موبلائز کرنے کی صلاحیت ہے، انہوں نے جو جو جدوجہد کی قوم بیدار ہو چکی ہے، جتنی بھی طاقت استعمال کر لیں ذہنوں کو تبدیل نہیں کر سکتے، نوازشریف کو کہنا چاہتا ہوں کہ جی ٹی روڈ بدل چکی ہے، نواز شریف کوکہنا چاہتا ہوں یہ وہ جی ٹی روڈ نہیں جو آپ چھوڑ کر گئے تھے، کوئی لندن امریکہ میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس دن عمران خان اسلام آباد پہنچے گے اس دن عوام کا سمندر ہوگا، حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے، اسی عوام سے ووٹ لیتے ہیں اوراسی کو جتھے کہتے ہیں،جو غلطی سے وزیر اعظم بن گئے، ان کو خود یقین نہیں کہ وہ اس عہدے پرہیں، ہمارے ملک میں جمہوری نظام صرف کاغذ پر ہے۔
Load/Hide Comments



