پنجاب حکومت مرحومہ صدف نعیم کی فیملی کی مکمل دیکھ بھال کرے گی ہمیں ایسے صحافیوں پر فخر ہے: وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا 25لاکھ روپے امداد کا اعلان

کامونکے، سادھوکی (آن لائن) تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکرنجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر جاں بحق ہوگئی۔عمران نے فوری طور پر اس روز کا مارچ منسوخ کر دیا۔ وزیراعظم، صدر مملکت، وفاقی وزیر اطلاعات، وفاقی وزیر داخلہ، سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا دکھ و افسوس کا اظہار، اہل خانہ سے تعزیت، وزیراعظم کا خاتون صحافی کیلئے 50لاکھ مالی امداد کا اعلان،۔۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ تیسرے روز سادھوکے سے روانہ ہوا تو نجی چینل کی رپورٹرصدف نعیم کنٹینر سے نیچے اترنے کی کوشش میں گر پڑی اور عمران کے کنٹینر کے پہیوں تلے کچلی گئی۔حادثے کے بعد عمران خان کا کنیٹنر جی ٹی روڈ پر روک دیا گیا اور عمران خان خود بھی کنیٹنرسے نیچے اترآئے۔ترجمان ریسکیو کے مطابق خاتون رپورٹر ایک کنٹینر سے اترتے ہوئے نیچے گری اور عمران خان کے کنٹینرکے نیچے آگئی۔ حادثے کے بعد عمران خان نے مارچ روکنے کا فیصلہ کیا اور خطاب میں کہا کہ بدقسمتی سے ایک حادثہ ہوا ہے اور ہمیں کامونکی جانا تھا لیکن حادثے کی وجہ سے مارچ روکنا پڑا ہے، کل کامونکی سے دوبارہ مارچ شروع ہوگا۔عمران نے صدف کی فیملی سے اظہار افسوس بھی کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف کا نجی ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ و افسوس کااظہار۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے واقعہ پر اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں مرحومہ کی مغفرت اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے رپورٹر صدف نعیم کے شوہر کو ٹیلی فون کرکے تعزیت کااظہار کیا اورکہا کہ غم کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں جانی نقصان کاازالہ ہرگز ممکن نہیں پسماندگان سے ہم ہر ممکن تعاون اور مدد کرینگے ۔ وزیراعظم نے مرحومہ خاتون رپورٹر صدف نعیم کے اہل خانہ کے لئے 50 لاکھ مالی امداد کا اعلان بھی کیا اور ہدایت کی کہ متعلقہ حکام ضابطے کی کارروائی فوری مکمل کرکے چیک اہل خانہ کے حوالے کریں۔ دریں اثناء صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی خاتون صحافی صدف نعیم کے جان بحق ہونے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں اہل خانہ کے ساتھ ہیں اللہ تعالیٰ مرحومہ کو غریق رحمت فرمائے صدر نے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کے ساتھ اہل خانہ سے اظہار ہمدردی و صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی خاتون صحافی کے جاں بحق ہونے پر خاتون صحافی کے شوہر کو ٹیلی فون کیا اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران جاں بحق ہوگئیں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کنٹینر سے جاں بحق ہونے والی رپورٹر صدف نعیم کا واقعہ انتہائی المناک ہے ان کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہمدردی ہے خاتون صحافی ایک محنتی صحافی تھیں اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اہل خانہ کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ دریں اثناء وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صحافی مرحومہ صدف نعیم کی فیملی کے لئے 25 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون صحافی کے جاں بحق ہونے پر اہلخانہ سے مکمل تعزیت کا اظہار کرتے ہیں پنجاب حکومت مرحومہ صدف نعیم کی فیملی کی مکمل دیکھ بھال کرے گی ہمیں ایسے صحافیوں پر فخر ہے۔