ملکی سلامتی کے اداروں پر تنقید کسی صورت قابل قبول نہیں:حافظ طاہر اشرفی

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے اداروں پر تنقید کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے،گزشتہ چند دنوں کے دوران ملکی سلامتی کے اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بات یہ ہے کہ وہ آپ کی بات مانیں تو وہ وقت کے ولی اللہ اور نہ مانیں تو غدار، صورتحال اتنی گھمبیر ہوچکی ہے کہ سلامتی کے اداروں کے سربراہان کو پریس کانفرنس میں آکر حقائق بیان کرنے پڑ رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ میں گواہ ہوں بند کمروں میں معافی تلافی اور خوش کلامی کا جبکہ باہر آکر غداری اور دھمکیاں لگائی جاتی ہیں ایسے کام سے پاکستان دشمن قوتیں بالخصوص بھارت خوش ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد شریف شہید کے اوپر سیاست کی گئی یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے اگر آج عمران خان کا لانگ مارچ پرامن انداز میں چل رہاہے تو یہ آئی ایس آئی کی وجہ سے ہے ایک افسر کا بار بار نام لیا جارہا ہے جس کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں دنیا نے تسلیم کیا میں پوچھتا ہوں کہ کیا اعظم سواتی حلفاً یہ کہہ سکتے ہیں جس افسر کا نام لیا وہ ملوث ہے اگر ارشد شریف اس ملک میں رہتا تو یہ حادثہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولا جارہا ہے کہ شہباز شریف کو سعودی عرب اور قطر میں تعاون نہیں ملا جو کام آپ کی وجہ سے رکا ہوا تھا وہ اب ہونے جارہا ہے عرب ممالک سے بہت بڑی انویسٹمنٹ ہونے جارہی ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ وہ ریڈ لائن ہے ا س ملک میں کوئی ریڈ لائن ہے تو وہ فوج ہے عمران خان کو اقتدار سے فوج نے نہیں گرایا بلکہ اپنے وزن سے گرے۔