کوئٹہ (آن لائن)مرکزی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان سے متعلق حقائق کے برعکس اور گمراہ کن بیان جس میں کہا گیا ہے کہ ”پاکستان ایک خطرناک ترین ملک ہے اور اس کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ اور غیر محفوظ ہے“ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے امریکی صدر کے غیر ذمہ دارانہ بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم امریکی صدر کے اس غیر ذمہ دارانہ بیان کو یکسر مسترد کرتی ہے اور ساری دنیا کو یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان یقینی طور پر ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے جس میں کسی کو بھی کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔ پاکستان دو ارب مسلمانوں کی واحد اسلامی ایٹمی طاقت ہے اور ہمیشہ سے دنیا میں امن کا خواہش مند رہا ہے۔ایٹمی طاقت حاصل کرنے سے پہلے اور اس کے بعد بھی پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ یہ بات قابل فخر ہے کہ پاکستان کے پاس کسی اتحاد کے بغیر جوہری طاقت ہے۔پاکستان نے ایٹمی تجربات صرف اور صرف خطے میں بھارتی جارحیت اور غیر ذمہ دارانہ رویہ کو لگام دینے اور اس کے ایٹمی دھماکے کرنے کے جواب میں اور طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لئے کئے تھے اور اس ایٹمی طاقت سے دنیا کو کسی بھی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام انتہائی محفوظ تکنیکی اور فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیر انتظام ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ ہمیشہ سے پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر تنقید کرتا رہا ہے لیکن اصل میں دنیا کے امن کو خطرہ سرفہرست جوہری اسلحہ سے لیس سرکردہ ممالک کے درمیان اسلحہ کی دوڑمیں فوقیت حاصل کرنے اور علاقائی توازن میں برتری کی خواہش سے ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت سے متعلق پاکستان نے ہمیشہ نہایت ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان نے عدم پھیلاؤ، سلامتی وتحفظ پر عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) سمیت عالمی معیارات کے اپنے عہد کو برقرار رکھا ہے۔
Load/Hide Comments



