باشعور عوام کے تعاون سے عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ کو کامیاب بنائیں گے، وزیر اعلی محمود خان

پشاور(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور اور ملاکنڈ ریجن سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں کو پاکستان تحریک انصافمیں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ عوام نے نچلی سطح پر پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کا صفایا کر دیا ہے او ر پی ڈی ایم کا ڈرامہ عنقریب ختم ہونے کو ہے۔ عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم باشعور عوام کے تعاون سے عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ کو کامیاب بنائیں گے اور حقیقی آزادی کے حصول تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔عمران خان اس ملک کی ضرورت ہیں جو قوم کی حقیقی آزادی اور عام آدمی کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بدھ کے روز پشاور میں ملاکنڈ اور پشاور ریجنز کے ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلز کے چیئرمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع پشاور، خیبر، کوہاٹ، شانگلہ، دیر، سوات، چترال، باجوڑ، چارسدہ اور مردان کے سو سے زائد ویلج و نیبر ہوڈ کونسلز کے چیئرمین نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ گزشتہ روز بھی ہزارہ اور جنوبی ریجنز کے 200 سے زائد بلدیاتی نمائندوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی جو پی ٹی آئی کی قیادت پر بھر پور اعتماد کی عکاس ہے.