نیب نیازی گٹھ جوڑ نے اپوزیشن کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا، عطاء تارڑ

اسلام آآباد (آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہاہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے اپوزیشن کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا، نیب قوانین میں ترامیم نظام کو بہتر کرنے کیلئے لائی گئیں،ترامیم کا مقصد نیب کو سیاسی انتقام کا آلہ بننے سے روکنا ہے،نیب کی وجہ سے کوئی سرکاری افسر کام کیلئے تیار نہیں تھا۔گزشتہ روز میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ شاہدخاقان عباسی،احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق کو نیب نے سیاسی انتقام کانشانہ بنایا۔عمران نیازی کی خواہش پر نیب کو بری طرح اپوزیشن کے خلاف استعمال کیا گیا۔نیب ترامیم سے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کو فائدہ ملنے کا تاثر غلط ہے۔نیب ترامیم کی بنیاد عمران نیازی نے اپنے دور میں رکھی،معاون خصوصی نے کہا مسلم لیگ ن کے کسی رہنما نے نیب کے نئے قانون سے فائدہ اٹھانے کی درخواست نہیں دی۔نیب کے نئے قانون میں وفاقی کابینہ کو حاصل استثنیٰ بھی ختم کردیا گیا ہے۔ نیب ترامیم کا سب سے زیادہ فائدہ عمران نیازی اٹھا رہا ہے۔نیب ترامیم کرانے کی سب سے زیادہ جلدی پرویز خٹک اور اسد قیصر کو تھی،عطاء تارڑ نیکہا وزیراعظم محمد شہبازشریف کو نیب نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ 6ماہ قید کاٹ چکے تھے۔نیب نے فریال تالپور اورآصف علی زرداری پر بھی جھوٹے مقدمات بنائے۔انہوں نے کہا فواد چوہدری پہلے دن سے ہی عمران خان کو تباہ کرنے کے مشن پر ہیں۔پی ٹی آئی دور ختم ہوتے ہی عمران نیازی نے فرح گوگی کو دبئی فرار کیوں کرایا؟ اسحاق ڈار کی آمد سے ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلے گا اور اقتصادی استحکام بھی آئے گا۔محمد نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے بے بنیاد الزام پر سزا دی گئی، عطاء تارڑ نے کہا کسی بھی سیاست دان کو تاحیات نااہل نہیں کیا جانا چاہیے۔تمام سیاست دانوں کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ ہونی چاہیے۔فرح گوگی کو بچانے کیلئے پنجاب میں 5 ڈی جی اینٹی کرپشن تبدیل کئے جاچکے ہیں۔چوہدری شوگر ملز کیس میں جلد بریت کی درخواست دیں گے۔عمران نیازی پر اربوں روپے کے مالیاتی سکینڈل ہیں۔ انہوں نے کہا شریف خاندان کی 60 کی دہائی میں ایشیاء کی سب سے بڑی سٹیل انڈسٹری تھی۔