وزیراعظم کا سیلاب کے تناظر میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس

لاہور(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کے تناظر میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے تعین میں درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ اعلی حکام سے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب زدگان کے لئے امدادی کاروائیوں اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کیلئے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدگان میں امدادی اشیا اور اشیائے خورونوش کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی خصوصی ہدایت کی۔ امدادی اشیاء اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومتوں سے خصوصی تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ امدادی کارروائیوں میں در پیش مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کے تناظر میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے تعین میں درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر امدادی کارروائیوں کی فراہمی اور امدادی کارروائیوں میں شامل افراد کی سکیورٹی کو صوبائی حکومتوں کے تعاون سے مؤثر کرنے کی ہدایت کی گئی.۔مزید برآں سیلاب زدگان میں امدادی اشیا اور امدادی رقوم کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی کٹوتی کی شکایات کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اعلی حکام کو ہدایت کی کے سیلاب کی تباہ کاریوں اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے حکام کی جانب سے ملک بھر میں سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی.اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز ڈویڑن سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر، کوآرڈینیٹر نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر میجر ظفر اقبال، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز صوبائی حکومتوں کے چیف سیکریٹریز اور ڈی جی پی ڈی ایم اے اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔