وزیراعلیٰ پرویز الٰہی اورمونس الٰہی سے اوورسیز پاکستانیوں کے وفود کی ملاقات

لاہور (آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفود نے ملاقات کی۔ پاکستان مسلم لیگ (قائداعظم)نیویارک کے عہدیداروں نے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈمیں 50لاکھ روپے کا چیک وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو پیش کیا۔ امریکہ سے آنے والے وفد میں شاہد سندھو اورفیصل سندھو نے جبکہ انگلینڈ سے آنے والے وفد میں محمدافضل،اعظم بیگ، محمد سلیم اورشاہد امیر شامل تھے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈمیں آنے والی پائی پائی سیلاب متاثرین کی فلاح پر خرچ کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کی مانیٹرنگ کیلئے فول پروف نظام وضع کیاگیا ہے۔ وفاق نے سیلاب ریلیف فنڈ کی مد میں ایک پیسہ تک نہیں دیا۔ سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10،10لاکھ روپے مالی امداد دی ہے۔ گھر اورلائیوسٹاک کے نقصان پر بھی حکومت امداد فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنے و الے مخیر حضرات کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں نے عمران خان کی اپیل پر دل کھول کر مدد کی۔ اوورسیز پاکستانیز میرے دل کے بہت قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارااثاثہ ہیں۔ معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔ اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے بیرون ملک مقیم پا کستانیوں کے مسائل سے پہلو تہی کی اوران سے ووٹ کا حق چھینا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کی مخالفت کرنے والی جماعتوں نے اپنا دوغلہ چہرہ خودبے نقاب کیا۔اوورسیز پاکستانیز وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی عوام دوست لیڈر ہیں۔