پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا

کراچی (آن لائن) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا،کے ایس ای100انڈیکس500پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ41ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گئی اور انڈیکس 40600پوائنٹس سے بڑھ کر41100پوائنٹس کی نئی سطح پر بند ہوا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 92ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 67کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ49فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔اسٹاک ماہرین کے مطابق وزیر اعظم کے دورہ امریکا کے مثبت نتائج اور اسحاق ڈار کی وزیر خزانہ کی حیثیت سے تقرری،ڈالر کی قدر میں غیرمتوقع طور پر کمی،اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستا ن کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش ہونے سے بیرونی دنیا سے فلڈ فنڈ کا حجم بڑھنے جیسے عوامل پر مارکیٹ میں تیزی کے اثرات دیکھے گئے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے3دن تیزی رہی اس دوران کے ایس ای100انڈیکس 1012.83پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ عالمی سطح پر کساد بازاری سے ایشیائی مارکیٹوں میں مندی کے اثرات اور پرافٹ ٹیکنگ اورمعیشت کی کمزور بنیاد کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں ہچکاہٹ ا ن کی بازار حصص سے دوری کا سبب بنا یہی وجہ ہے کہ 2دن کی مندی سے انڈیکس 504.37پوائنٹس گھٹ گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 508.46پوائنٹس کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 40620.21پوائنٹس سے بڑھ کر41128.67پوائنٹس ہو گیا اسی طرح123.92پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 15212.94پوائنٹس سے بڑھ کر15336.86پوائنٹس پر جا پہنچاجبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 27831.15پوائنٹس سے بڑھ کر28225.45پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 92ارب32کروڑ22لاکھ46ہزار560روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 66کھرب89ارب71کروڑ40لاکھ65ہزار892روپے سے بڑھ کر67کھرب82ارب3کروڑ63لاکھ12ہزار452روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کاروباری تیزی کیی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 41480.89پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس 40620.21پوائنٹس کی پست سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا۔