کیمبرج کے اے ایس اور اے لیول کے نتائج جاری، پاکستان میں 1 لاکھ طلبہ نے امتحانات دیے

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے جون 2026ء کے امتحانی سیشن کے کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اور اے لیول کے نتائج جاری کر دیے۔

دنیا بھر میں تقریباً 3 لاکھ 68 ہزار طلبہ نے اپنے نتائج حاصل کیے، جبکہ پاکستان میں رواں سال 850 سے زائد اسکولوں کے 1 لاکھ سے زیادہ طلبہ نے کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس، اے لیول، او لیول اور آئی جی سی ایس ای کے امتحانات میں شرکت کی۔

کیمبرج کے مطابق پاکستان میں طلبہ میں سب سے زیادہ مقبول مضامین فزکس، میتھمیٹکس، بزنس، کیمسٹری اور کمپیوٹر سائنس رہے، کیمبرج آئی جی سی ایس ای اور او لیول کے نتائج 18 اگست کو جاری کیے جائیں گے، جن میں دنیا بھر کے 3 لاکھ 15 ہزار سے زائد طلبہ اپنے نتائج حاصل کریں گے۔

اے ایس اور اے لیول کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا

کیمبرج کے گروپ مینیجنگ ڈائریکٹر برائے انٹرنیشنل ایجوکیشن راڈ اسمتھ نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اے ایس اور اے لیول کا انتخاب کر رہے ہیں کیونکہ یہ پروگرام مضامین کی گہری معلومات کے ساتھ ایسی مہارتیں بھی فراہم کرتے ہیں جنہیں جامعات اور کالجز اہمیت دیتے ہیں۔

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے باعث تیزی سے تبدیل ہوتی دنیا میں ان مہارتوں کی اہمیت مزید بڑھ رہی ہے اور آنے والے برسوں میں کیمبرج انٹرنیشنل اے ایس اور اے لیول کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو گا۔

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے کہا ہے کہ رواں سال معمول کا سال نہیں تھا، بعض طلبہ نے علاقائی کشیدگی، غیر یقینی صورتِ حال اور تعلیمی سرگرمیوں میں خلل کے ماحول میں امتحانات کی تیاری کی، جس کے باعث ان کی کامیابی مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔

انہوں نے طلبہ کے ساتھ اساتذہ، والدین اور اسکول کمیونٹیز کو بھی مبارکباد دی جنہوں نے مشکل حالات میں طلبہ کی معاونت کی۔

عظمیٰ یوسف نے کہا کہ کیمبرج کے نزدیک تعلیم محض امتحانی نتائج کا نام نہیں بلکہ نوجوانوں میں وہ علم، اعتماد اور مہارتیں پیدا کرنا ہے جو انہیں یونیورسٹی، پیشہ ورانہ زندگی اور مستقبل میں کامیابی کے قابل بنائیں، کیمبرج ڈیجیٹل امتحانات کے پائلٹ پروگرام اور اے لیول میں ماڈیولر اسسمنٹ سمیت امتحانی نظام میں نئی سہولتوں اور جدت پر بھی کام کر رہا ہے۔

کیمبرج کے مطابق اس کی اے ایس اور اے لیول قابلیت کو دنیا بھر کی جامعات، ادارے اور حکومتی اسٹیک ہولڈرز تسلیم کرتے ہیں، نئے UCAS اعداد و شمار کے مطابق 2025ء کے داخلہ سائیکل میں برطانیہ کی جامعات میں درخواست دینے والے کیمبرج انٹرنیشنل اے لیول کے 98 فیصد طلبہ کو کم از کم ایک یونیورسٹی سے داخلے کی پیشکش موصول ہوئی۔