اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ڈسکوز کی نجکاری کے معاملے میں صارفین کے مفاد کو اولین ترجیح دینے کی ہدایات دے دیں۔
بجلی کی ترسیلی کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری اور پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اصلاحاتی تنظیم نو پر جائزہ اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت ہوا، جس میں انہوں نے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نجکاری کمیشن میں جاری ادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیم نو کا کام ایک ماہ میں مکمل کیا جائے۔ نجکاری کے عمل میں سرمایہ کاروں کی شمولیت کے لیے اندرون و بیرون ملک کیے جانے والے کامیاب روڈ شوز باعث اطمینان ہیں۔ ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ مدت میں طے شدہ قواعد اور بہترین حکمت عملی کے مطابق منافع بخش انداز میں مکمل کیے جائیں۔



