اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمان نے عمران خان آڈیو لیک کی اعلیٰ سطح تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔اپنے ایک بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ یہ افسوسناک گفتگو عمران خان کی نہیں، پاکستان کے وزیر اعظم کی ہے،کوئی عام شخص نہیں بلکہ اس وقت کا وزیراعظم ملک کے مفادات کا سمجھوتا کر رہا تھا، جس وقت عمران خان پاکستان کے مفادات کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑ رہے تھے اس وقت انہوں نے ملک کے مفادات کا تحفظ کرنے کا حلف اٹھایا ہوا تھا،عمران خان نے جھوٹ کی بنیاد پر ملک میں تقسیم کی سیاست کی، میں پہلے دن سے کہہ رہی ہوں یہ “عمران بچاؤ” تحریک ہے،یہ خود کو اور اپنی سیاست کو بچانے کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ غداری اور ملک دشمنی کے سرٹیفکیٹ بانٹنے والے خود ملک اور اداروں کے خلاف سازش کرتے رہے،سائفر پر “کھیلنے” کے بیانیے سے عمران خان کو ضرور فائدہ پہنچا ہوگا، لیکن پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے،یہ ایک سنگین معاملہ ہے جو معافی تلافی سے ختم نہیں ہوگا نا ہی ہم ان سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کریں گے.
Load/Hide Comments



