
خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں غیر قانونی طور پر سونا نکالنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس ٹیم پر حملے میں ڈی ایس پی اور سب انسپکٹر سمیت کم از کم 11 اہلکار شہید جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
کوہاٹ پولیس کے ترجمان فرحان خان کے مطابق پولیس اور محکمہ معدنیات کی مشترکہ ٹیم غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کر رہی تھی کہ کان کنی کی پشت پناہی کرنے والے مسلح افراد نے ٹیم پر حملہ کر دیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے پولیس کی 5 گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ عرصے کے دوران پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔



