
راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز دھننجایا ڈی سلوا اور کپتان کوشل مینڈس کی ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنا لیے۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 9 وکٹوں پر 434 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تھی، یوں مہمان ٹیم کو برتری ختم کرنے کے لیے صرف 30 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں۔
ڈی سلوا 241 گیندوں پر 20 چوکوں کی مدد سے 167 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 14ویں سنچری ہے، جبکہ کوشل مینڈس 117 رنز پر کھیل رہے ہیں، وہ بطور کپتان اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے پہلے سری لنکن کھلاڑی بن گئے۔
دونوں کے درمیان 249 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہو چکی ہے جو پاکستان کے خلاف سری لنکا کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ تیسرے روز پاکستان کی جانب سے صرف محمد عباس وکٹ لینے میں کامیاب رہے جنہوں نے کامندو مینڈس کو 58 رنز پر آؤٹ کیا۔



