ابوظبی مذاکرات: روس اور یوکرین جنگی قیدیوں کے بڑے تبادلے پر متفق

ابوظبی میں امریکا کی میزبانی میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات کے دوسرے روز روس اور یوکرین جنگی قیدیوں کے بڑے پیمانے پر تبادلے پر متفق ہوگئے۔

امریکی خصوصی ایلچی جیرڈ کشنر کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی تعداد کو اگلے روز حتمی شکل دی جائے گی، جبکہ روسی وفد کے سربراہ ولادیمیر میڈنسکی نے بھی تبادلے کی تصدیق کی ہے۔

یہ دونوں ملکوں کے درمیان 9 ماہ بعد ہونے والے پہلے امن مذاکرات ہیں جن میں امریکی ایلچی جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف نے دونوں ملکوں کے مذاکرات کاروں کو ایک میز پر بٹھایا۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی مذاکرات میں خود شریک نہیں ہوئے تاہم انہوں نے پہلے روز کی بات چیت کو تعمیری اور ٹھوس قرار دیا، جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی ملاقات کو نہایت مفید کہا ہے۔