پی ٹی آئی انتشاری ہے، گڈ ہے نہ بیڈ: فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی انتشاری ہے، یہ گڈ ہے نہ بیڈ۔

لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم تو پی ٹی آئی کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے، ہم نے انہیں پارلیمنٹ میں بٹھایا لیکن پشاور سے کال آگئی۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کی گزشتہ حکومت کو جمہوری کہنا درست نہیں، تحریک انصاف والے اب اچھے بچے بنیں گے، آگ لگانے، جلانے کی باتیں ہوتی تھیں، صوبے پر کوئی توجہ نہیں تھی، تحریک انصاف کی چار فرنچائز ہیں معلوم نہیں کس سے بات کرنی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس وقت خیبر پختونخوا میں اسپتال، جامعات تباہ ہیں، ہم دہشت گردی کے خلاف اقدام کر رہے ہیں، ہم جمہوری جماعت سے تعلق رکھتے ہیں، ہم روزانہ کہ بنیاد پر جنازے اٹھا رہے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبوں کو ایک دوسرے سے سیکھنا چاہیے، وہ دن چلے گئے جب انتشار ہوتا تھا، ہم ٹیررازم سے ٹورازم کا سفر شروع کرنے جا رہے ہیں، امن کا سفر شروع کیا ہےآج بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم لاہور آتے ہیں تو دیکھتے ہیں لوگ کاروبار کر رہے ہیں، ہم لاہور آتے ہیں تو دیکھتے ہیں بچےکھیلوں کے میدان میں ہیں، ہم نے کے پی میں تجاوزات کے خلاف بھی مہم شروع کردی ہے، اداروں کو مضبوط کرنا ہماری ترجیح ہے۔